پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے افریقی خطے میں عالمی سمندروں میں تعیناتی کے تحت ممباسا، کینیا کا دورہ کیا۔ بندرگاہ آمد پر کینیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر، پاکستان کے دفاعی اتاشی اور کینیا بحریہ کے سینئر حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا استقبال کیا۔ بندرگاہ کے دورے کے دوران، مشن کمانڈر نے پی این ایس عالمگیر کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ کینیا کے کیبنٹ سیکرٹری ڈیفنس اور کینیا نیوی کے ڈپٹی کمانڈر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کے علاوہ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے کینیا کی عوام کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ پاکستان نیوی کی جانب سے جذبہ خیر سگالی اور انسانی ہمدردی کے تحت فری میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔ پاک بحریہ کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی خصوصی ٹیم نے5400 سے زائد مریضوں کو طبی علاج اور ادویات فراہم کیں۔