Wednesday, July 23, 2025
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

دستورِ پاکستان 1973ء میں آرٹیکل 62، 63 کیا ہے؟

عبدالوہاب خان

آرٹیکل 62
(شرائط اہلیت ممبران مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ
کوئی شخص اہل نہیں ہوگا، رکن منتخب ہونے یا چنے جانے کا، بطور ممبر مجلس شوریٰ یا پارلیمنٹ کے، ماسوائے یہ کہ
الف) وہ پاکستان کا شہری ہو۔)
ب) وہ قومی اسمبلی کی صورت میں پچیس سال سے کم عمر کا نہ ہو اور بطور ووٹر اس کے نام کا اندراج کسی بھی انتخابی فہرست میں موجود ہو جو پاکستان کے کسی حصے میں جنرل سیٹ یا غیرمسلم سیٹ کے لئے ہو، اور صوبے کے کسی حصے میں اگر عور ت کی مخصوص سیٹ ہو تو اس کے لئے۔
ج) وہ سینیٹ کی صورت میں تیس سال سے کم عمر کا نہ ہو اور صوبے کے کسی ایریا میں اس کا نام بطور ووٹر درج ہو، یا جیسی بھی صورت ہو، فیڈرل کیپیٹل یا فاٹا میں جہاں سے وہ ممبر شپ حاصل کررہا ہو۔
د) وہ اچھے کردار کا حامل ہو اور عام طور پر احکام اسلامی سے انحراف میں مشہور نہ ہو۔
ہ) وہ اسلامی تعلیمات کا خاطرخواہ علم رکھتا ہو اور اسلام کے منشور کردہ فرائض کا پابند ہو، نیز کبیرہ گناہ سے اجتناب کرتا ہو۔
و) وہ سمجھدار ہو، پارسا ہو، ایماندار اور امین ہو، اور کسی عدالت کا فیصلہ اس کے برعکس نہ ہو۔
ز) اس نے پاکستان بننے کے بعد ملک کی سالمیت کے خلاف کام نہ کیا ہو اور نظریہ پاکستان کی مخالفت نہ کی ہو۔
نااہلیت مندرجہ پیرا گراف (د) اور (ہ) کا کسی ایسے شخص پر اطلاق نہ ہوگا، جو نان مسلم ہو لیکن ایسا شخص اچھی شہرت کا حامل ہو۔
آرٹیکل 63
(نااہلیت برائے ممبر شپ مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ
کوئی شخص مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کے رکن کے طور پر منتخب ہونے یا چنے جانے اور رکن رہنے کیلئے نااہل ہوگا، اگر
الف) وہ فاتر العقل ہو اور کسی مجاز عدالت کی طرف سے ایسا قرار دیا گیا ہو، یا
ب) وہ غیربریت یافتہ دیوالیہ ہو، یا
ج) وہ پاکستان کا شہری نہ رہے، یا کسی بیرونی ریاست کی شہریت حاصل کرے، یا
د) وہ پاکستان کی ملازمت میں کسی منفعت بخش عہدے پر فائز ہو ماسوائے ایسے عہدے کے جسے قانون کے ذریعے ایسا عہدہ قرار دیا گیا ہو، جس پر فائز شخص نااہل نہیں ہوتا، یا
ہ) اگر وہ کسی ایسی آئینی باڈی یا کسی باڈی کی ملازمت میں ہو، جو حکومت کی ملکیت یا اس کے زیرنگرانی ہو، یا جس میں حکومت کنٹرولنگ حصہ یا مفاد رکھتی ہو، یا
و) پاکستان کا شہری ہوتے ہوئے بھی زیردفعہ 14بی شہریت پاکستان ایکٹ 1951ء کے وہ وقتی طور پر نااہل ہوجائے، آزاد اور جموں کشمیر کے رائج الوقت قانون کے تحت لیجسلیٹو اسمبلی آزاد جموں اور کشمیر کا ممبر منتخب ہوسکتا ہو۔
ر) اسے کسی عدالت مجاز سے ایسی رائے کی تشہیر، یا کسی ایسے طریقے پر عمل کرنا، جو پاکستان کے نظریہ، اقتدار اعلیٰ ، سالمیت، یا سلامتی یا اخلاقیات یا امن عامہ کے قیام یا پاکستان کی عدلیہ کی دیانتداری یا آزادی کے لئے مضر ہو، یا جو پاکستان کی مسلح افواج یا عدلیہ کو بدنام کرے، یا اس کی تضحیک کا باعث ہو، اس جرم کی سزا ہوئی ہو اور اس کو پانچ سال رہا ہوئے نہ گزرے ہوں۔
ح) اسے کسی ایسے جرم کے لئے سزا یابی پر جو اخلاقی پستی کا جرم ہو اور اس پر سزا کم از کم دو سال ہوچکی ہو اور اس کو پانچ سال رہا ہوئے نہ گزرے ہوں۔
ط) اسے پاکستان کی ملازمت، یا کارپوریشن، یا دیگر آفس، جو قائم یا کنٹرول کردہ ہو، فیڈرل گورنمنٹ کا، صوبائی گورنمنٹ کا، یا لوکل گورنمنٹ کا، سے غلط روی کی بنیاد پر ہٹا دیا گیا ہو، اور اس کی برطرفی کو پانچ سال کا عرصہ نہ گزر گیا ہو۔
ی) اسے پاکستان کی ملازمت سے ہٹا دیا گیا ہو، یا جبری طور پر ریٹائرڈ کیا گیا ہو، یا کارپوریشن، یا دیگر آفس، جو قائم یا کنٹرول کردہ ہو، فیڈرل گورنمنٹ کا، صوبائی گورنمنٹ کا، یا لوکل گورنمنٹ کا، سے غلط روی کی بنیاد پر ہٹا دیا گیا ہو، یا ریٹائرڈ کیا گیا ہو، اور اس کی ملازمت میں رہنے کو تین سال کا عرصہ نہ گزر گیا ہو۔
ک) اسے پاکستان کی ملازمت سے، یا قانونی باڈی، یا دیگر باڈی، جو قائم یا کنٹرول کردہ ہو، فیڈرل گورنمنٹ کا، صوبائی گورنمنٹ کا، یا لوکل گورنمنٹ کا، سے نکالا گیا ہو، اور اس کی ملازمت سے نکالنے کو دو سال کا عرصہ نہ گزر گیا ہو۔
ل) وہ خواہ بذات خود یااس کے مفاد میں، یا اس کے فائدے کے لئے، یا اس کے حساب میں، یا کسی ہندو غیرمنقسم خاندان کے رکن طور پر کسی شخص یا اشخاص کی جماعت کے ذریعے، کسی معاہدے میں کوئی حصہ یا مفاد رکھتا ہو، جو انجمن امداد باہمی اور حکومت کے درمیان کوئی معاہدہ نہ ہو، جو حکومت کو مال فراہم کرنے کے لئے، اس کے ساتھ کئے ہوئے کسی معاہدے کی تکمیل یا خدمات کی انجام دہی کے لئے ہو۔
مگر شرط یہ ہے، کہ اس پیرے کے تحت نااہلیت کا اطلاق کسی شخص پر نہیں ہوگا،
اول) جو کہ معاہدے میں حصہ یا مفاد، اس کو وراثت یا جانشینی کے ذریعے، یا موصی یا موصی لہ، وصی یا مہتمم ترکہ کے طور پر منتقل ہوا ہو، جب تک اس کو اس کے اس طور پر منتقل ہونے کے بعد چھ ماہ کا عرصہ نہ گزر جائے۔
دوم) جو کہ معاہد ہ کمپنی آر ڈیننس 1984ء میں تعریف کردہ ، کسی ایسی کمپنی عامہ نے کیا ہو، یا اس کی طرف سے کیا گیا ہو، جس کا وہ حصہ دار ہو،لیکن کمپنی کے تحت کسی منفعت بخش عہدے پر فائز مختار انتظامی نہ ہو، یا
سوم) جو کہ وہ ایک غیرمنقسم ہندو خاندان کا فرد ہو اور اس معاہدے میں خاندان کے کسی فرد نے علیحدہ کاروبار کے دوران کیا ہو،کوئی حصہ یا مفاد نہ رکھتا ہو، یا
تشریح) اس آرٹیکل میں ’’مال‘‘ میں زرعی پیداوار یا جنس، جو اس نے کاشت یا پیدا کی ہو، یا ایسا مال شامل نہیں ہے، جسے فراہم کرنا اس پر حکومت کی ہدایت یا فی الوقت نافذ العمل کسی قانون کے تحت فرض ہو، یا وہ اس کے لئے پابند ہو۔
س) وہ پاکستان کی ملازمت میں حسب ذیل عہدوں کے علاوہ کسی منفعت بخش عہدے پر فائز ہو، یعنی
اول) کوئی عہدہ جو ایسا کل وقتی عہدہ نہ ہو، جس کا معاوضہ یا تو تنخواہ کے ذریعے یا فیس کے ذریعے ملتا ہو
دوم) نمبردار کا عہدہ خواہ اس نام سے یا کسی دوسرے نا م سے موسوم ہو۔
سوم) قومی رضا کار
چہارم) کوئی عہدہ جس پر فائز شخص مذکورہ عہدے پر فائز ہونے کی وجہ سے کسی فوج کی تشکیل یا قیام کا حکم وضع کرنے والے کسی قانون کے تحت فوجی تربیت یا فوجی ملازمت کے لئے طلب کیے جانے کا مستوجب ہو، یا
ع) اگر اس نے قرضہ دو ملین روپیہ یا زیادہ لیا ہے، کسی بینک ، فنانشل ادارے، کوآپریٹو سوسائٹی یا کوآپریٹو باڈی سے، اپنے نام پر، یا اپنی بیوی، خاوند یا بچوں کے نام پر، جو ایک سال تک واپس ادائیگی نہ ہوسکی ہو، یا اس قرضہ کو معاف کروایا گیا ہو۔
غ) وہ یا اس کی بیوی، یا کفالت کار، کوتاہی کر چکے ہوں، گورنمنٹ بقایا جات میں، یوٹیلیٹی بلز اخراجات میں، بشمولہ ٹیلیفون، بجلی، گیس اور پانی چارجز زائد از دس ہزار روپیہ چھ ماہ تک، دائری کاغذات نامزدگی تک۔
ف) اسے فی الوقت نافذالعمل کسی قانون کے تحت مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) یا کسی صوبائی اسمبلی کے رکن کے طور پر منتخب ہونے یا چنے جانے کے لئے نااہل قرار دے دیا گیا ہو۔
تشریح) اس پیراگراف کے مقصد کے لئے ’’قانون‘‘ میں شامل نہ ہوگا، وہ قانون جو کسی آرڈیننس زیر آرٹیکل 89۔128 کے ذریعے نافذ کیا گیا ہو۔
اگر کوئی سوال اٹھے کہ آیا مجلس شوریٰ (پارلیمنٹ) کا کوئی رکن، رکن رہنے کے لئے نا اہل ہوگیا ہے تو اسپیکر یا جیسی بھی صورت ہو چیئرمین، ماسوائے اس کے وہ فیصلہ کرے کہ یہ سوال پیدا نہ ہوا ہے، اس سوال کو الیکشن کمیشن کو ریفر اندر معیاد تیس یوم کرے اور اگر وہ نہ بھیجے تو یہ تصور کیا جائے گا کہ الیکشن کمیشن کو بھیجا جائے گا۔
الیکشن کمیشن اس سوال کو اندر نوے یوم فیصلہ کرے گا اور اگر اس کی رائے میں ممبر نااہل ہوگیا ہے، تو اس کی ممبر شپ تحلیل ہوجائے گی اور اس کی سیٹ خالی ہوجائے گی۔

مطلقہ خبریں