Saturday, July 12, 2025
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

بھارت۔۔ 6 سال میں 70 جنگی طیارے اور ہیلی کا پٹر تباہ

گزشتہ چھ برس میں بھارت کے 70 جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹرز تباہ ہوئے جن میں 80 افراد مارے گئے۔ مختلف ممالک میں گزشتہ تین سال میں 31 ہزار سے زائد بھارتی شہریوں کی موت واقع ہوئی، مختلف ممالک کی جیلوں میں ساڑھے پندرہ ہزار بھارتی شہری بند ہیں، بھارتی حکومت کی طرف سے یہ اعدادوشمار پارلیمان میں پیش کیے گئے۔ حکومت نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ بھارتی مسلح افواج کے 2014ء سے اب تک گیارہ ہیلی کاپٹرز سمیت 35 طیارے حادثات کا شکار ہو کر تباہ ہوئے جن میں 14 پائلٹ مارے گئے۔ اگر بھارتی فوج، بحریہ اور فضائیہ کے طیاروں کو پیش آنے والے حادثات کے اعدادوشمار کا جائزہ 2011ء سے لیا جائے تو مجموعی طور پر 70 طیارے اور ہیلی کاپٹرز تباہ ہوئے جن میں 80 افراد ہلاک ہوئے۔ ان تباہ ہونے والے طیاروں میں 30 سے زائد جنگی طیارے تھے جن میں 5 ٹوئن انجن سخوئی طیارے بھی شامل ہیں۔ ملٹری طیاروں کے حادثات کی یہ شرح غیرمعمولی ہے، ان طیاروں کی تباہی کی دو اہم وجوہات ’’تکنیکی خرابی‘‘ اور ’’انسانی غلطی‘‘ کو قرار دیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی مسلح افواج 70 کی دہائی کے پرانے چیتا ہیلی کاپٹرز کو فوری تبدیل کرکے ان کی جگہ نئے 484 لائٹ ہیلی کاپٹر لینا چاہتی ہے مگر بھارت اور روس کے درمیان تقریباً ایک ارب ڈالر کے 200 ہیلی کاپٹرز کا معاہدہ طویل عرصے سے التوا کا شکار ہے۔ دیگر ممالک سے 197 ہیلی کاپٹرز کے معاہدے بھی تین بار منسوخ کیے گئے۔ لوک سبھا میں ایک اور سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ 2014ء سے غیرممالک میں 31318 بھارتی شہریوں کی موت ہوئی۔ 106 مالک میں بھارتی شہریوں کی اموات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ بھارتیوں کی سب سے زیادہ اموات سعودی عرب میں ہوئیں جن کی تعداد دس ہزار ہے جبکہ متحدہ عرب امارات میں چھ ہزار اور پاکستان میں 8 بھارتی شہریوں کی اموات ہوئیں۔ دنیا بھر کی جیلوں میں بھارتی قیدیوں کی تعداد کے بارے بتایا گیا کہ 2015ء سے دنیا کی مختلف جیلوں میں 15405 بھارتی شہری بند ہیں۔ سب سے زیادہ بھارتی قیدی سعودی عرب کی جیلوں میں ہیں جن کی تعداد 5590 جبکہ پاکستان میں قید بھارتیوں کی تعداد 1132 ہے۔

مطلقہ خبریں