پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس طارق نے خلیج عدن کے سمندر میں پھنسی یمنی کشتی کو بحفاظت کنارے تک پہنچا دیا۔ کشتی پر سوار عملے کی جان بچ گئی۔ یہ کشتی 10 نومبر کو صومالیہ سے مچھلی لے کریمن روانہ ہوئی تھی تاہم سفر کے دوران اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ دس دن کے دوران عملے کے پاس موجود پانی اور خوراک بھی ختم ہوگئی جس سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پی این ایس طارق نے کشتی کے عملے کو خوراک اور پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کشتی کی مرمت کا کام بھی انجام دیا اور اسے کھینچ کر بحفاظت ساحل کے قریب پہنچایا۔ کشتی کے مالک اور عملے نے پی این ایس طارق کا کشتی کو بروقت مدد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ کشتی کی بازیابی کے بارے میں بھی پی این ایس طارق کی جانب سے یمنی کوسٹ گارڈ اور کشتی کے مالک کو مطلع کیا گیا۔ پاک بحریہ اپنی فوری نقل و حرکت، رسائی، ثابت قدمی اور گہرے پانیوں سے انسانی جانوں کو بچانا جیسی انفرادی خصوصیات کی بنا پر انسانی ہمدردی کے آپریشنز میں نہایت کارآمد ثابت ہوتی رہی ہے۔ پاک بحریہ زمانہ امن و جنگ دونوں میں عسکری، نگرانی، سفارتی اور انسانی ہمدردی کے آپریشنز سرانجام دینے کے لئے اپنی تیاریوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھتی ہے۔