پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس سیف نے تھائی لینڈ کا سفر مکمل کرلیا ہے۔ جہاز نے رائل تھائی نیوی کی طرف سے منعقدہ ’’آسیان‘‘ کی پچاسویں سالگرہ اور انٹرنیشنل فلیٹ ریویو میں شرکت کی۔ ریئر ایڈمرل ذکاء الرحمن، فلیگ آفیسر سی ٹریننگ نے پاک بحریہ کے سربراہ کی نمائندگی کی۔ پٹایا میں قیام کے دوران فلیگ آفیسر سی ٹریننگ نے رائل تھائی نیوی کے سینئر نیول عہدیداران اور دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن میں رائل تھائی نیوی کے ڈپٹی کمانڈر اِن چیف ایڈمرل لیوچی روڈٹ، تھائی لینڈ کے وزیر دفاع جنرل پروت وانگسو وان اور ملائیشیا کی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل تان سری احمد قمر الزمان بن حاجی احمد بدرالدین شامل تھے۔ فلیگ آفیسر نے آسیان کی پچاسویں سالگرہ پر تھائی حکومتی عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور تھائی لینڈ کی عوام بالخصوص رائل تھائی نیوی کے لئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ پٹایا میں پی این ایس سیف کے قیام کے دوران جہاز کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن شہزاد اقبال نے بھی کمانڈر رائل تھائی فلیٹ ایڈمرل، پولیس میجر جنرل آنان شیرون چاسری، شہر کے میئر اور دیگر عسکری عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔ انٹرنیشنل فلیٹ ریویو 2017 آسیان کی گولڈن جوبلی کے سلسلے کی ایک اہم ترین سرگرمی تھی جس میں مختلف ممالک کی 19بحری افواج کے 36 جہازوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر 19 ممالک کی بحری افواج کے سربراہان اور 15 ممالک کی بحری افواج کے سربراہان کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ پی این ایس سیف نے رائل تھائی نیوی کے کمانڈر اِن چیف کی دعوت پر پاک بحریہ کی نمائندگی کی۔ اپنے قیام کے دوران پاک بحریہ کے آفیسرز اور سیلرز نے پٹایا کے ساحل پر منعقدہ مختلف سرگرمیوں بشمول سٹی ملٹری پریڈ میں حصہ لیا۔