پاک بحریہ کے لئے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر کردہ فاسٹ اٹیک (میزائل) کرافٹ پی این ایس ہمت کی کمیشننگ اور پاک بحریہ میں باقاعدہ شمولیت کی تقریب 28 جولائی 2017ء کو پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پی این ایس ہمت 63میٹر لمبی فاسٹ اٹیک کرافٹ ہے جو اسٹیٹ آف دی آرٹ ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے۔ اس منصوبے کی ایک خصوصی اہمیت یہ بھی ہے کہ اس میں مقامی طورپر تیار کردہ میزائل سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ اس کرافٹ میں دیگر ہتھیار اور سینسرز بھی نصب کیے گئے ہیں جن کی بدولت رفتار اور دشمن کے لئے خطرناک ہونے کے اعتبار سے اس کرافٹ کا کسی بھی جدید بحری ہتھیار سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ یہ ایک نہایت اہم موقع ہے جب ملکی وسائل سے تیار کردہ دوسری فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ پاکستان نیوی فلیٹ میں شامل کی جارہی ہے۔ نیول چیف نے مزید کہا کہ بحری شعبے میں موجود امکانات سے بھر پور فائدہ اٹھانے اور اس سے جڑے چیلنجز سے بخوبی نمٹنے کے لئے ایک موثر، مضبوط اور خود کفیل بحریہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چین پاک اقتصادی راہداری کے تناظر میں ایک محفوظ بحری ماحول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ سی پیک وطن عزیز کے لئے ترقی اور خوشحالی کا پیغام ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ کچھ نئے خطرات بھی جنم لے رہے ہیں۔ لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس عظیم منصوبے کو کامیابی سے ہمکنا ر کرنے کے لئے ہم درپیش خطرات سے آگاہ رہیں اور ان سے نمٹنے کے لئے تیار رہیں۔