Monday, July 14, 2025
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

پاک فضائیہ کی جے ایف 17 تھنڈر سے لیس نئی اسکوارڈن کا قیام

پاک فضائیہ کی جانب سے ملک کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کا ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے جے ایف 17 تھنڈر سے لیس نئے ملٹی رول اسکواڈرن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ کے پی اے ایف سمنگلی بیس پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل سہیل امان بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اس اسکواڈرن کو ’’خودی کو جس نے فلک سے بلند تر دیکھا‘‘ کے نعرے کے ساتھ نمبر 28 ملٹی رول اسکواڈرن کا نام دیا گیا ہے۔ تقریب میں ایئرچیف نے کمانڈنگ ونگ کمانڈر عامر عمران چیمہ کو اسکواڈرن کا نشان عطا کیا،اس موقع پر 4 جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی فارمیشن نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف سہیل امان کا کہنا ہے کہ دشمنانِ پاکستان کی سازشوں کا بخوبی ادراک ہے، ہمارا عزم غیرمتزلزل اور مقصد واضح ہے، ہم ایک امن پسند قوم ہیں جو نہیں چاہتے کہ کوئی ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ہرممکن کوشش کی ہے اور اللہ کے فضل و کرم سے ہماری جدوجہد کے صلے میں ملک میں امن کی بحالی ممکن ہوئی ہے۔ ایئر چیف نے کہا کہ قوم کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ کٹھن حالات کے باوجود ہمارا عزم غیرمتزلزل اور کسی بھی فضائی خلاف ورزی کی صورت میں ہم دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کایہ بھی کہنا ہے کہ بلوچستان ایک عظیم صوبہ ہے اور ہم سب کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے، یہاں کے لوگوں کا رویہ دوستانہ اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور ہے جن کے کردار کو وطن کی ترقی میں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ سی پیک کے حوالے سے ایئرچیف کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ملکی ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو انشا اللہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کی تاریخ اور حالت کو بدل دے گا۔

مطلقہ خبریں