زاویہئ نگاہ رپورٹ
سال 2021ء پاک بحریہ کے لئے کئی لحاظ سے اہمیت کا حامل رہا۔ ملکی اور عالمی سطح پر کرونا وبا سے پیدا شدہ صورتِ حال کے باوجود پاک بحریہ نے 2021ء کے دوران متعدد کثیرالجہتی سرگرمیاں سرانجام دیں۔ ان سرگرمیوں میں بحیرۂ عرب میں بحری، ہوائی جہازوں اور آبدوزوں سے فائر پاور کے کامیاب مظاہرے، بحری مشقوں رباط، شمشیرِ بحر، نسیم البحر، ثمرالطیب اور کثیرالملکی مشق امن 2021ء کے کامیاب انعقاد کے علاوہ ترکی میں منعقدہ مشقوں نصرت، ایلدیز اور سری لنکا میں منعقدہ مشق کورمورانٹ اسٹرائیک سمیت دیگر ممالک کے ساتھ متعدد بحری جنگی مشقوں میں شرکت سرفہرست ہیں۔
دوسری جانب پاک بحریہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس جہازوں اور آلات کے حصول کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ پاکستان کی سمندری حدود بالخصوص ساحلی پٹی کی بہتر نگرانی کے لئے پاک بحریہ میں نئے لانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ایئر کرافٹ کا اضافہ کیا گیا۔ چین میں پاک بحریہ کے لئے تیار کئے جارہے ٹائپ 054 ایلفا فریگیٹ جہازوں میں سے پہلا جہاز پی این ایس طغرل پاک بحریہ کے سپرد کردیا گیا جب کہ اسی طرز کے دیگر تین جہازوں اور ترکی کے تعاون سے تیار کئے جارہے میلجیم کلاس کارویٹ جہازوں کی تیاری کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری رہا۔ دوسری جانب کراچی شپ یارڈ میں پانچویں ہنگور کلاس آبدوز کی تیاری کا آغاز بھی کردیا گیا۔ یہ جہاز اور آبدوز جدید ترین اور تباہ کن ہتھیاروں سے لیس ہوں گے۔
امیرالبحر نے رواں سال قطر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت کے دورے کئے اور امریکا میں منعقدہ انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم میں شرکت کی۔ ان دوروں کے دوران امیرالبحر نے مختلف ممالک کی بحری قیادت سے اہم ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہئ خیال کیا۔ پاک بحریہ کے جہازوں نے اس سال مختلف ممالک بشمول سوڈان، جبوتی، الجزائر، نائیجیریا، سینیگال، کینیا، قطر، بحرین، ایران، امان، کویت، سعودی عرب، اردن، مصر، ترکی، روس، جرمنی، برطانیہ، فلپائن، ملائیشیا اور سری لنکا سمیت مختلف ممالک کے دورے کئے۔ پاک بحریہ کے جہازوں نَصر اور عالمگیر نے مختلف افریقی ممالک کے خیرسگالی دوروں کے دوران وہاں کے عوام کے لئے غذائی اور طبی امداد فراہم کی۔ ان دوروں کے دوران میزبان بحری حکام کے ساتھ پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ پاک بحریہ کے جہازوں کے ان دوروں سے پاکستان کے مثبت امیج اور میزبان ممالک کی بحری افواج کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ علاوہ ازیں امان، سعودی عرب،روس، سری لنکا، انڈونیشیا، جرمنی، برطانیہ اور امریکی بحریہ کے جہازوں نے بھی پاکستان کے دورے کئے۔
سمندری سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ پاک بحریہ نے قدرتی آفات اور حادثات سے متاثرہ افراد کی مدد کا فریضہ بھی احسن طریقے سے سرانجام دیا۔ پاک بحریہ کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں کے علاوہ آزاد کشمیر میں بھی فری میڈیکل کیمپس لگائے گئے۔ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، پاکستان کسٹمز اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے ساتھ کی جانے والی متعدد مشترکہ کارروائیوں میں اربوں روپے کی منشیات تحویل میں لی گئیں۔
عوام میں سمندری امور اور بحری معیشت سے متعلق آگاہی کے فروغ کے لئے اس سال پاک بحریہ کی جانب سے مختلف اقدامات کئے گئے، جن میں انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس اور میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کا انعقاد شامل ہے۔ گرین کوسٹل بیلٹ کے حصول اور صاف و سرسبز پاکستان کے مشن کے تحت بالخصوص ساحلی علاقوں میں تمر کی شجرکاری مہم بھی جاری رہی۔ اس مہم کے دوران ساحلی علاقوں میں اب تک 70 لاکھ سے زائد مینگروز لگائے جاچکے ہیں۔کھیل کے میدان میں پاک بحریہ نے نیشنل روئنگ چیمپئن شپ اور والی بال چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے کے ساتھ بحرین میں منعقدہ بین الاقوامی سیلنگ ایونٹ میں بھی سلور میڈل اپنے نام کیا۔
پاکستانی آبدوز ہنگور کے 1971ء کی جنگ میں بھارتی جہازوں ککری اور کرپان کو کامیابی سے نشانہ بنائے جانے کے پچاس سال مکمل ہونے پر پاک بحریہ کی جانب سے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور اس حوالے سے ایک ٹیلی فلم بھی ریلیز کی گئی۔ اس سال 16 اکتوبر کو پاک بحریہ نے ایک مرتبہ پھر بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اسے اپنے پانیوں میں لوٹ جانے پر مجبور کردیا۔ یہ گزشتہ چند برسوں میں اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جب پاک بحریہ کی جانب سے بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا گیا۔ پاک بحریہ ملکی سمندری حدود کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دینے کے ساتھ ملکی تعمیر و ترقی کے لئے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔