پاک بحریہ کے لئے تیار کئے جانے والے پہلے 054 اے/ پی کلاس جنگی جہاز کی اسٹیل کٹنگ کی تقریب ہڈونگ زہانگوا شپ یارڈ چین میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چیف آف نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل کلیم شوکت تھے۔ چائنا اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن کے نائب صدر قیان جیان پِنگ نے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاک بحریہ کے اس منصوبے کو مقررہ وقت سے قبل پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے سلسلے میں صمیم عزم کا اظہار کیا۔ وائس چیف آف نیول اسٹاف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاز کی اسٹیل کٹنگ کی یہ کامیاب تقریب پاک چین دوستی میں مضبوطی کا ایک نیا باب رقم کرتی ہے جو زمانے کی کڑی آزمائشوں سے گزر کر پختہ ہوچکی ہے اور تمام شعبوں میں ہمیشہ ثابت قدم رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک اعتماد، شفقت اور یگانگت کے رشتے میں جْڑے ہوئے ہیں۔ وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے مقررہ وقت سے پہلے اسٹیل کٹنگ کے سنگ میل کو عبور کرنے پر چائنا اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن، چائنا شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی، چائنا شپ ڈویلپمنٹ اینڈ ڈیزائن سینٹر، ہڈونگ زہانگوا شپ ہارڈ اور چینی بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب میں بیورو آف ایکوپمنٹ ٹیکنالوجی کارپوریشن آف ایکوپمنٹ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ آف سینٹرل ملٹری کمیشن کے ڈائریکٹر میجر جنرل فان جیان جن، چینی بحریہ کے ا یکوپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریئر ایڈمرل لوئی ہانگ وے، چینی وزارت دفاع کی مس زینگ وائے، چائنا شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی کے صدر دعا فینگ شوئنگ، چائنا شپ ڈویلپمنٹ اینڈ ڈیزائن سینٹر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر چین وائے، ایچ زیڈ شپ یارڈ کے چیئرمین مسٹر چن جیان لیانگ، حکومت پاکستان اور پاکستان بحریہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تکمیل کے بعد یہ جہاز حجم کے لحاظ سے پاک بحریہ کے بڑے جنگی جہازوں اور تکنیکی اعتبار سے جدید ترین پلیٹ فارمز میں سے ہوگا جو مستقبل میں درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے پاکستان کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرے گا اور بحر ہند کے خطے میں امن و استحکام اور طاقت کا توازن برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس جہاز کی شمولیت سے پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکورٹی پیٹرولز کے اقدام کو مزید تقویت ملے گی جس کا مقصد بین الاقوامی پانیوں میں عالمی جہاز رانی کو محفوظ بنانا ہے۔