پاکستان نے مقامی طور پر جہازوں کی تعمیر کے پروجیکٹ میں ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا، اس حوالے سے مقامی طور پر ڈیزائن کردہ گن بوٹ کی تعمیر کے آغاز کی تقریب کا کراچی شپ یارڈ میں انعقاد کیا گیا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر مہمانِ خصوصی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ خطے میں ابھرتی ہوئی جیو اسٹرٹیجک صورتِ حال سے آگاہ ہے اور کسی بھی قسم کے ناپاک عزائم کا مقابلہ کرنے کے لئے بحری صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے کوشاں ہے، مقامی طور پر گن بوٹ کو ڈیزائن کرنے کے تاریخی سنگ میل پر مہمانِ خصوصی نے وزارتِ دفاعی پیداوار، پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا اور جہاز سازی میں مہارت حاصل کرنے کے پاک بحریہ کے عزم کی تجدید کی۔ قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے ایم ڈی ریئر ایڈمرل سلمان الیاس نے کراچی شپ یارڈ کی دفاعی جہاز سازی میں خودانحصاری کے حوالے سے حکومت پاکستان اور پاک بحریہ کے مقررہ اہداف سے مکمل ہم آہنگ ہونے پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کراچی شپ یارڈ میں جاری دیگر منصوبوں سے بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔ مقامی طور پر ڈیزائن کی گئی گن بوٹ جدید ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوگی۔ تقریب میں پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کے حکام نے شرکت کی۔