مقبوضہ کشمیر کے ضلع انت ناگ میں فوجی کرنل نے خودکشی کرلی جبکہ بجبہاڑہ میں پولیس اہلکار نے دوسرے ساتھی کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع انت ناگ میں ایک فوجی کرنل نے سروس رائفل سے زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ یہ واقعہ انت ناگ کے علاقے کھندر واچھ بل میں اس وقت پیش آیا جب کرنل ضے وی مہادیک اپنی گاڑی میں سفر کررہا تھا۔ اس دوران اس نے ویران میں گاڑی روک کر خود کو گولی مار دی۔ کرنل کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ وادی میں بھارت کے دفاعی ترجمان نے واقعہ کو حادثاتی فائرنگ قرار دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق کرنل مہادیک کی رائفل سے دوران سفر اچانک گولیاں چل گئیں جو اس کے جسم میں پیوست ہوگئیں۔ مہادیک اسٹیشن ہیڈکوارٹر میں آرٹلری کور میں تعینات تھے۔ واقعہ کے حوالے سے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ دریں اثنا بجبہارہ میں 25 جون کی شام تھانے کے اندر دو اہلکاروں کے بیچ کسی بات کو لے کر تکرار ہوئی، ایک اہلکار نے اپنے دوسرے ساتھی محمد سکندر پر بندوق تان کر اس پر گولی چلائی جو اس کے پاؤں میں پیوست ہوئی۔ معلوم ہوا ہے کہ حملہ آور ایس ایچ بجبہارہ کا ذاتی محافظ ہے۔