Friday, July 25, 2025
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

عہدِ حاضر کے تقاضوں سے آراستہ پاک بحریہ

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کے زیرسایہ پاک بحریہ کے جوان بنے پاکستان کی شان، ”سلام“ بین الاقوامی سطح پر ترکی میں کی مشقوں صرت اور ایلدیز جبکہ سری لنکا میں کورموراٹ اسٹرائیک سمیت متعدد مشقوں میں شرکت پاک بحریہ سرفہرست قومی سلامتی کی پالیسی اور عسکری حکمت عملیوں کے مطابق جنگی منصوبوں کی توثیق کیلئے پاک بحریہ نے اہم میری ٹائم مشق سی اسپارک کا انعقاد
فرحان زُخرف

ہر گزرتے دن کے ساتھ پاک بحریہ ترقی کی منزلیں طے کررہی ہے۔ دورِحاضر کی جدید سہولیات سے آراستہ، پاکستان کی بحری حدود کی حفاظت مستعدی اور جانفشانی سے کرنے کے جذبے سے سرشار پاک بحریہ متعدد کثیرالجہتی سرگرمیاں سرانجام دے رہی ہے۔ ان سرگرمیوں میں بحیرہ عرب میں بحری و ہوائی جہازوں اور آبدوزوں سے فائر پاور کے کامیاب مظاہرے، قومی سطح پر منعقد کی جانے والی بحری مشقوں رباط، شمیرِ بحر، سیم البحر، ثمر الطیب اور کثیرالملکی مشق امن کے کامیاب انعقاد کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر ترکی میں کی جانے والی مشقوں ”صرت“ اور ”ایلدیز“ جبکہ سری لنکا میں منعقدہ مشق ”کورموراٹ اسٹرائیک“ سمیت دیگر ممالک کے ساتھ متعدد بحری جنگی مشقوں میں شرکت سرفہرست ہیں۔ حال ہی میں پاک بحریہ نے اہم میری ٹائم مشق سی اسپارک کا انعقاد کیا۔ یہ مشق شمالی بحیرہ عرب میں بدلتے ہوئے جیو اسٹرٹیجک ماحول کے تناظر میں بنائے گئے آپریشنل منصوبوں کی توثیق کے لئے منعقد کی گئی تھی۔ مشق سی اسپارک کے انعقاد کا مقصد پاک بحریہ کی جنگی حکمت عملی اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے اور تنازعات کے پیش نظر بحری آپریشنز کو زمینی اور فضائی آپریشنز کے ساتھ ہم آہنگ کرتے ہوئے قومی سلامتی کی پالیسی اور عسکری حکمت عملیوں کے مطابق جنگی منصوبوں کی توثیق کرنا تھا۔ اس مشق نے مختلف آپریشنل تصورات کی توثیق کرنے اور تصوراتی سوچ کو آپریشنز اور اسٹرٹیجک ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کا بھی قیمتی موقع فراہم کیا۔ دوسری طرف پاک بحریہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس جہازوں اور آلات کے حصول کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پاکستان کی سمندری حدود بالخصوص ساحلی پٹی کی بہتر نگرانی کے لئے پاک بحریہ میں نئے لانگ رینج میری ٹائم پیٹرول ایئرکرافٹ کا اضافہ کیا گیا۔ چائنا میں پاک بحریہ کے لئے تیار کئے جانے والے ٹائپ 054 ایلفا فریگیٹ جہازوں میں سے پہلا جہاز پی این ایس تغرل پاک بحریہ کے سپرد کردیا گیا۔ برادر اسلامی ملک ترکی کے تعاون سے ملجم کلاس کا رویٹ جہازوں کی تیاری کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں کراچی شپ یارڈ میں ملجم کلاس کا رویٹ جہاز پی این ایس بدر کی لانچنگ تقریب کا شاندار انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعظم میاں شہباز شریف تھے جبکہ کراچی شپ یارڈ میں پانچویں ہنگور کلاس آبدوز کی تیاری کا آغاز بھی کردیا گیا۔ یہ جہاز اور آبدوز جدید ترین اور تباہ کن ہتھیاروں سے لیس ہوں گے۔ حالیہ دنوں میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے عراق، تیونس، سعودی عرب، اردن، مصر اور آسٹریلیا کے سرکاری دورے کئے۔ ان دوروں کے دوران امیر البحر نے میزبان ممالک کی بحری قیادت سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ نیول چیف نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں منعقد ہونے والی انڈوپیسیفک سی پاور کانفرنس 2022ء میں بھی شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران نیول چیف نے آسٹریلیا، فرانس، جاپان، کویت اور اسپین کی بحریہ کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کیں۔ رواں سال پاکستان بحریہ نے دسویں بار کمبائنڈ ٹاسک فورس۔151 کی کمانڈ سنبھال لی۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب کا انعقاد امریکی نیول سینٹرل کمانڈ ہیڈ کوارٹرز، بحرین میں کیا گیا۔ پاک بحریہ کو اُس سے قبل 9 مرتبہ کمبائنڈ ٹاسک فورس۔151 کو کمانڈ کرنے کا اعزاز حاصل ہے اور اسی سال پاک بحریہ نے کمبائنڈ ٹاسک فورس۔150 کی کمانڈ بھی بارہویں مرتبہ سنبھالی۔ پاک بحریہ کو اپنے دیگر شراکت داروں میں دو ٹاسک فورسز کو بیک وقت کمانڈ کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے جو پاک بحریہ کی علاقے میں امن وامان کے قیام اور استحکام کے لئے کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس اشتراک کے اتحادیوں کا پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے۔ پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس شمشیر، پی این ایس عظمت اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز کولاچی پر مشتمل پاک بحریہ کے فلوٹیلا نے ابوظہبی کا دورہ کیا۔ پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس شمشیر، پی این ایس عظمت اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز کولاچی پر مشتمل پاک بحریہ کے فلوٹیلا نے دوحہ انٹرنیشنل میری ٹائم ڈیفنس ایگزیبیشن (DIMDEX-22) میں شرکت کے لئے دوحہ، قطر کی بندرگاہ کا دورہ بھی کیا۔ پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس اصلت، پی این ایس شمشیر اور عالمگیر نے مختلف افریقی ممالک کے خیرسگالی دوروں کے دوران وہاں کے عوام کے لئے غذائی اور طبی امداد فراہم کیا۔ ان دوروں کے دوران میزبان بحری حکام کے ساتھ پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ پاک بحریہ کے جہازوں کے ان دوروں سے پاکستان کے مثبت امیج اور میزبان ممالک کی بحری افواج کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس شمشیر نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول کے دوران 1000 کلوگرام منشیات ضبط کی۔ ضبط کی جانے والی منشیات کی قیمت عالمی مارکیٹ میں تقریباً 90 ملین روپے ہے۔ کامیاب انسدادِ منشیات آپریشن پاکستان کی بحری حدود میں غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔ سمندری سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ نے قدرتی آفات اور حادثات سے متاثرہ افراد کی مدد کا فریضہ بھی احسن طریقے سرانجام دے رہی ہے۔ پاک بحریہ کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں فری میڈیکل کیمپس بھی لگائے گئے۔ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، پاکستان کسٹمز اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے ساتھ کی جانے والی متعدد مشترکہ کارروائیوں میں اربوں روپے کی منشیات تحویل میں لی گئیں۔ پاکستانی اابدوز ہنگور کی جانب سے 1971ء کی جنگ میں بھارتی جہازوں ککری اور کرپان کو کامیابی سے نشانہ بنائے جانے کے پچاس سال مکمل ہونے پر پاک بحریہ کی جانب سے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور اس حوالے سے ایک ٹیلی فلم بھی ریلیز کی گئی۔ پاک بحریہ نے ایک مرتبہ پھر بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اسے اپنے پانیوں میں واپس لوٹ جانے پر مجبور کردیا۔ یہ گزشتہ چند برسوں میں اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جب پاک بحریہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت کا فریضہ احسن طریقے سے سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ ملکی تعمیر و ترقی کے لئے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔

مطلقہ خبریں