روس اور چین نے مشترکہ فوجی مشقوں کا اعلان کردیا۔ بیجنگ کا موقف ہے کہ عسکری مشقوں کا یوکرین اور تائیوان سے متعلق کشیدگی سے کوئی تعلق نہیں۔ روسی وزارت دفاع کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ملک کے مشرق میں بڑے پیمانے پر ووسٹوک 2022ء مشقیں یکم ستمبر سے شروع ہو کر 7 ستمبر 2022ء تک جاری رہیں گی۔ وزارت دفاع کا مزید کہنا تھا کہ مشقوں میں حصہ لینے والے غیرملکی دستے پہلے ہی ساحلی علاقے پرائمورسکی میں واقع ایک تربیتی مرکز پہنچ چکے ہیں اور انہوں نے مشقوں کی تیاری کے لئے عسکری آلات اور ہتھیار حاصل کرنا بھی شروع کر دیئے ہیں۔ ان مشقوں میں چین، بھارت، لاؤس، منگولیا، نکاراگوا، الجزائر، شام اور سوویت یونین میں شامل کئی سابق ریاستیں شریک ہوں گی۔ مشقوں میں روسی فضائیہ کے دستے، طویل فاصلے تک مار کرنے والے بمبار اور فوجی کارگو طیارے بھی حصہ لیں گے۔ واضح رہے کہ یوکرین پر روسی حملے اور تائیوان کے لئے امریکی حمایت کے سبب پیدا ہونے والی کشیدگی کے درمیان چین اور روس کے تعلقات مضبوط ہوگئے ہیں۔