رپورٹ: سید زین العابدین
جنرل (ر) خالد احمد قدوائی رابطہ فورم انٹرنیشنل کے دفتر پہنچے تو رابطہ فورم انٹرنیشنل کے چیئرمین نصرت مرزا اور ایڈیٹر انٹرایکشن کاشف مرزا نے ان کا استقبال کیا اور رابطہ فورم انٹرنیشنل ڈیجیٹل ٹی وی کے اسٹاف کا تعارف کروایا۔ اس موقع پر رابطہ فورم انٹرنیشنل کے میگزین ”زاویہئ نگاہ“ کے ایڈیٹر یوسف راہی اور ان کی ٹیم کا تعارف بھی کروایا گیا۔ جنرل (ر) خالد احمد قدوائی نے انگریزی ماہنامہ ”انٹرایکشن“ کے اسٹاف سے بھی ملاقات کی۔ تعارفی مراحل کے بعد جنرل (ر) خالد احمد قدوائی نے رابطہ فورم انٹرنیشنل ڈیجیٹل ٹی وی نیٹ ورک کے شاندار اسٹوڈیو کا افتتاح کیا۔ جس کے بعد نوجوان اسکالر اور رابطہ فورم انٹرنیشنل کے ریسرچر سید سمیع اللہ نے دُعائیہ کلمات پیش کئے۔ اس موقع پر جنرل (ر) خالد احمد قدوائی کا کہنا تھا کہ رابطہ فورم انٹرنیشنل کے میگزین انٹرایکشن سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ اس کے ذریعے پاکستان کے اسٹرٹیجک موضوعات پر مضامین شائع کئے جائیں گے تاکہ بین الاقوامی قارئین بھی اس سے آگاہ ہوسکیں، ساتھ ہی ماہنامہ ”زاویہئ نگاہ“ کے ذریعے اپنے مقامی قارئین کو بین الاقوامی معاملات اور تزویراتی موضوعات سے باخبر رکھیں گے۔ رابطہ فورم انٹرنیشنل ڈیجیٹل ٹی وی کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر اہم بین الاقوامی خبریں اور پاکستان کے اسٹرٹیجک مفادات سے وابستہ خبروں کو نشر کیا جائے گا۔ ہمارے دانشوروں، اساتذہ، طلبا کو ان خبروں کے ذریعے بدلتی ہوئی عالمی صورتِ حال سے آگاہ کیا جاتا رہے گا۔ مجھے اُمید ہے کہ رابطہ فورم انٹرنیشنل کی پوری ٹیم خصوصاً رابطہ فورم انٹرنیشنل ڈیجیٹل ٹی وی کا اسٹاف پاکستان کے اس اسٹرٹیجک ہدف کو حاصل کرنے کے لئے اپنی پوری صلاحیت کو بروئے کار لائے گا۔ میں اس ادارے کی کامیابی کے لئے ہرممکن تعاون کے ساتھ اور بارگاہ الٰہی میں دُعا گو رہوں گا۔