Wednesday, July 23, 2025
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

رابطہ فورم انٹرنیشنل کے چیئرمین نصرت مرزا کی سی پی این ای کے اراکین سے ملاقات

تبدیلی لانے والے پچھتا رہے ہیں جلد انتخابات ہونے سے فساد کا خطرہ ہے، اسٹرٹیجک معاملات میں صحافیوں کو تربیت دینے کا کام کریں گے، نصرت مرزا، معاشی بے یقینی کی وجہ ملک کی سیاسی صورتِ حال ہے، عامر محمود
زاویہئ نگاہ رپورٹ
رابطہ فورم انٹرنیشنل کے چیئرمین اور معروف کالم نگار و تجزیہ کار نصرت مرزا کا کہنا ہے کہ ملک کی سیاسی صورتِ حال تشویشناک ہے، تبدیلی لانے والے بھی پریشان ہیں، عوامی ردعمل اور معاشی ابتری کے باعث انہیں اپنے فیصلے سے رجوع کرنا پڑے گا، کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے دفتر میں سینئر ایڈیٹرز سے گفتگو میں نصرت مرزا نے کہا کہ عمران رجیم کی تبدیلی کے خلاف شدید عوامی ردعمل مقتدرہ قوتوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ اس موقع پر سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل عامر محمود (چیف ایڈیٹر کرن میگزین و خواتین ڈائجسٹ)، جوائنٹ سیکریٹری مقصود یوسفی (ایڈیٹرروزنامہ نئی بات)، جوائنٹ سیکریٹری انور ساجدی (ایڈیٹر روزنامہ انتخاب)، سرفراز احمد (ایڈیٹر ڈیلی بزنس ریکارڈر)، احمد حسن (ایڈیٹر روزنامہ دُنیا)، طاہر نجمی (ایڈیٹر روزنامہ ایکسپریس)، ابرار بختیار (ایڈیٹر روزنامہ اوصاف)، سعید خاور (ایڈیٹر روزنامہ 92 نیوز)، غلام نبی چانڈیو (ایڈیٹر روزنامہ پاک)، عارف بلوچ (ایڈیٹر روزنامہ آزادی و بلوچستان ایکسپریس)، عبدالخالق علی (ایڈیٹر آن لائن ایجنسی)، جبار خٹک، حامد عابدی (ایڈیٹر روزنامہ امن)، شبیر اے غوری (ایڈیٹر ویکلی اُردو لنک) اور محمود عالم خالد (ایڈیٹر ماہنامہ فیروزاں) نے ایڈیٹرز اور صحافیوں کے مسائل اُجاگر کرنے کے ساتھ اس کے حل پر بھی زور دیا۔ رابطہ فورم انٹرنیشنل کے چیئرمین نصرت مرزا نے اس موقع پر تمام ایڈیٹرز کو یقین دلایا کہ مسائل کے حل میں ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہیں، ایڈیٹرز و سینئر صحافیوں کے ساتھ نشست کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ نصرت مرزا نے مزید کہا کہ اسٹرٹیجک معاملات میں صحافیوں کی تربیت کے لئے آپ کے تعاون سے ایک مربوط پروگرام ترتیب دیں گے، ہماری تینوں مسلح افواج بری، بحری اور فضائیہ کی نیوکلیئر فورسز ہیں، ہمارے صحافیوں کو اس حوالے سے تربیت کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر نصرت مرزا نے صحافیوں کو اپنی نئی کتاب ”جوہری نشتر تحقیق“ پیش کی جبکہ مرزا کاشف بیگ نے بھی اپنی کتاب “ڈیفنس آف پاکستان انٹیکٹ” پیش کی۔پروگرام کے آخر میں سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل عامر محمود نے نصرت مرزا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مسائل کے حل میں ہمارا ادارہ اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور نصرت مرزا صاحب کی رہنمائی میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔

مطلقہ خبریں