Monday, July 28, 2025
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

بھارت میں بڑھتی انتہاپسندی اور مسلم دشمنی

احمد علی خان
جب سے آر ایس ایس کی بی ٹیم بی جے پی اقتدار کی کرسی پر قابض ہوئی ہے، تب سے لے کر اب تک ہر طبقے کا انسان پریشان ہوچکا۔ منور فاروقی جو بھارت ہی نہیں پوری دنیا میں اپنی اسٹینڈ اپ کامیڈی کے لئے جانے جاتے ہیں، ان کو انتہاپسندوں نے نشانہ بنایا، گالیاں دیں، جان سے مارنے کی دھمکیاں ملیں اور بالآخر اتنا ستایا اور پریشان کیا گیا کہ دو مہینوں میں انہیں اپنا 12واں شو منسوخ کرنا پڑا، جس سے دل برداشتہ ہو کر کامیڈین منور فاروقی نے اسٹینڈ اپ کامیڈی کو الوداع کہہ دیا ہے۔
بھارتی اخبار ”انڈیا ٹوڈے“ کے مطابق بنگلور کے گڈ شیفرڈ آڈیٹوریم میں ہونے والا شو ”ڈونگری ٹو نوویئر“ اتوار کو منسوخ کردیا گیا۔ کامیڈین نے اتوار کو ایک بیان جاری کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ دو ماہ میں دھمکیوں کی وجہ سے انہیں یہ شو منسوخ کرنا پڑا۔ انتہاپسند ہندو گروہوں کی جانب سے دی جانے والی مبینہ دھمکیوں کے بعد بنگلور پولیس نے منتظمین سے مزاحیہ اداکار منور فاروقی کے شو کو منسوخ کرنے پر زور دیا تھا۔ منتظمین کو لکھے گئے خط میں پولیس نے کہا: ”معتبر اطلاعات ہیں کہ کئی تنظیمیں اس اسٹینڈ اپ کامیڈی شو کی مخالفت کررہی ہیں اور یہ شو شہر میں افراتفری پیدا کرسکتا ہے، عوامی امن اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچا سکتا ہے، جس سے امن و امان کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔“ پولیس نے مزید کہا: ”یہ معلوم ہوا ہے کہ منور فاروقی ایک متنازع شخصیت ہیں، کیونکہ انہوں نے دوسرے مذاہب کے دیوتاؤں کے بارے میں متنازع بیانات دیئے ہیں۔“ پولیس کے مطابق اتوار کی صبح شو کو منسوخ کردیا گیا۔ شو کی منسوخی کے بعد منور فاروقی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ”نفرت جیت گئی، فنکار ہار گیا۔ میں یہ ختم کررہا ہوں! الوداع! یہ ناانصافی ہے۔“ انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ اتوار کو ہونے والا ان کا شو، جس کی 600 سے زائد ٹکٹ فروخت ہوگئے تھے، پنڈال میں توڑ پھوڑ کی دھمکیوں کے بعد منسوخ کردیا گیا۔
انہوں نے لکھا: ”مجھے ایک مذاق کے لئے جیل میں ڈال دیا گیا، لیکن میں نے اپنے شو کو کبھی منسوخ نہیں کیا کیوں کہ اس میں کوئی مسئلہ نہیں۔ اور یہ بات غیرمنصفانہ ہے۔“ انہوں نے کہا کہ ان کے شو کو ”بھارت میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی طرف سے بہت پیار ملا۔“ منور فاروقی نے بتایا کہ ان کے پاس شو کے لئے ”سنسر سرٹیفکیٹ“ ہے، لیکن دھمکیوں کی وجہ سے گزشتہ دو ماہ کے دوران ان کے 12 شوز منسوخ کردئیے گئے۔ اسٹینڈ اَپ کامیڈی سے دست برداری کا عندیہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا: ”میرا خیال ہے کہ یہ اختتام ہے۔ میرا نام منور فاروقی ہے اور میں یہ ختم کررہا ہوں۔ آپ لوگ بہت اچھے سامعین تھے۔ منور فاروقی کے بیان پر سوشل میڈیا پر ان کے حامی بھی سامنے آئے ہیں۔ سب سے پہلے تو کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے کہا کہ ہار نہیں ماننی ہے، لڑنا اور آگے بڑھنا ہے، چاہے کچھ بھی ہوجائے۔ ان کے علاوہ اداکار محمد ذیشان ایوب نے کہا کہ ”ہم بطور معاشرہ ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگئے ہیں۔“ انہوں نے کامیڈین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کا دامن نہ چھوڑیں۔ ان کے مداح ایک مرتبہ پھر انہیں اسٹیج پر دیکھنے کے لئے پُرامید ہیں۔
یہ پہلی بار نہیں کہ بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے باعث کسی کامیڈین کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارت کے ٹاپ اسٹینڈ اپ کامیڈین ویرداس نے حال ہی میں واشنگٹن ڈی سی میں پرفارم کرتے ہوئے ”ٹوانڈیاز“ کے نام سے ایک مونولاگ پیش کیا، جس میں انہوں نے بھارتی سماجی مسائل اور ریپ کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شو کے دوران داس نے بھارت کو تضادات سے بھرپور ملک بتایا، جہاں لوگ ”دن میں خواتین کی پوجا کرتے ہیں، لیکن رات کو ان کا ریپ کرتے ہیں۔“ اس شو پر بھارت میں شدید تنقید ہوئی اور کچھ نے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے۔ ناقدین نے ان پر بھارت کو بدنام کرنے کا الزام لگایا۔ ہندو قوم پرست حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ترجمان آدیتیہ جھا نے داس کے خلاف ”ملک کی توہین“ کے لئے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔
کامیڈین منور فاروقی کے ساتھ بھی یہی سب کچھ ہوا، منور فاروقی نے ہنسی مذاق میں عوام کو سچ بتانے کی کوشش کی، کیونکہ آج کل نوجوان نسل کو سنجیدہ بات جلدی سمجھ نہیں آتی، اس لئے کامیڈین نے کامیڈی کا سہارا لیتے ہوئے نوجوانوں کو سمجھانے کی ہمیشہ کوشش کی، لیکن یہ بات سنگھیوں کو ایک آنکھ نہ بھائی اور بالآخر انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنادیا گیا۔ اس لئے چاہے جو کچھ بھی ہوجائے ڈٹ کر مقابلہ کرنا، سنگھیوں کو منہ توڑ جواب دینا ہے اور ایک روشن ستارہ بن کر دکھانا ہے، فاتح بن کر دکھانا ہے۔ دعا ہے کہ اللہ سارے عالم کے مسلمانوں کی حفاظت فرمائے اور خصوصاً بھارت کے مسلمانوں کی ہر جانب سے مدد فرمائے اور مسلمانوں کو شعور و آگہی دے، تدبر تفکر اور بردباری عطا فرمائے اور ہم سب کو آخرت کی فکر کرنے کے ساتھ سبھی کا خاتمہ بالخیر فرمائے۔

مطلقہ خبریں