Friday, June 20, 2025
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

امریکہ: میوزک کنسرٹ کے دوران فائرنگ، 58 افراد ہلاک، 515 زخمی

امریکی شہر لاس ویگاس میں میوزک کنسرٹ کے دوران فائرنگ سے 58 افراد ہلاک جبکہ 515 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ادھر فرانس میں ریلوے اسٹیشن پر چاقو کے حملہ میں دو خواتین ہلاک ہوگئیں۔ غیرملکی خبر ادارے کے مطابق 2 اکتوبر 2017ء کو امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں منڈالے بے ہوٹل کے کیسینو میں میوزک کنسرٹ جاری تھا ایک مسلح شخص نے ہوٹل کی 32 ویں منزل سے نیچے موجود ہجوم پر اندھادھند فائرنگ کردی۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے خوفزدہ شائقین جان بچانے کیلئے کنسرٹ کو چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں جبکہ پیچھے سے فائرنگ کی آوازیں آرہی ہیں۔ حکام نے لاس ویگاس ایئرپورٹ کو بند کرتے ہوئے پروازوں کا رخ بھی موڑ دیا۔ پولیس نے کہا ہے حملہ آور کی ساتھی خاتون کی تلاش جاری ہے۔ لاس ویگاس کے مشہور منڈالے بے ہوٹل اور کیسینو میں روٹ نائنٹی ون ہارویسٹ فیسٹیول کے سلسلے میں میوزک کنسرٹ جاری تھا۔ فائرنگ ممکنہ طور پر ہوٹل کی بالکونی سے کی گئی۔ زخمیوں میں بیشتر کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔ لاس ویگاس پولیس نے ایک حملہ آور کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا مزید کوئی حملہ آور موجود نہیں۔ فائرنگ کے وقت گلوکار جیسن ایلڈن اسٹیج پرفارم کررہے تھے جبکہ چالیس ہزار مداح کنسرٹ میں موجود تھے۔ واقعہ کے بعد سیکورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ فائرنگ ہوتے ہی کنسرٹ میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ جان بچانے کیلئے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ بھگدڑ سے بھی کئی افراد زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور متاثرہ افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسپتال ترجمان کے مطابق 14 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور تمام افراد فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے سماجی رابطوں کی سائٹ پر جاری ایک بیان میں واقعہ میں متاثر ہونے والے افراد سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔ داعش نے لاس ویگاس فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ داعش نے دعویٰ کیا ہے کہ لاس ویگاس حملہ ہمارے جنگجوؤں نے کیا۔ حملہ آور نے کچھ ماہ پہلے اسلام قبول کیا تھا۔ حملہ داعش کے خلاف فوجی آپریشنز کا ردعمل ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور اکیلا تھا دہشتگردوں سے تعلق نہیں تھا۔ حملہ آور نے پولیس کے پہنچنے سے پہلے خود کو گولی مارکر ہلاک کرلیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق حملہ آور کے پاس دس سے زائد بندوقیں موجود تھیں اور پولیس نے ہوٹل کے کمرے سے 8 بندوقیں برآمد کیں۔ حملہ آور کی شناخت مقامی شخص کے طور پر ہوئی۔ حملہ آور کی دو کاروں کی تلاش کی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کو فی الحال دہشتگردی کے طور پر نہیں دیکھ رہے، فائرنگ کی کوئی وجہ ابھی سامنے نہیں آئی، حملہ آور کے ساتھ آنے والی خاتون کی تلاش جاری ہے۔ حملہ آور کے ساتھ آنے والی خاتون کی تصویر بھی سامنے آئی ہے جو ممکنہ طور پر حملہ آور کی ساتھی ہوسکتی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے جیسے ہی فائرنگ ہوئی کچھ سمجھ نہیں آیا کس طرف سے فائرنگ کی گئی ہے۔ فائرنگ کے ساتھ ہی وہاں بھگدڑ مچ گئی، لوگوں نے دھکم پیل شروع کر دی۔ دوسری جانب فرانس کے شہر مارسیے میں سینٹ چارلز ریلوے اسٹیشن پر حملہ آور نے چاقو سے وار کرکے دو خواتین کو ہلاک کردیا۔ سکیورٹی فورسز نے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔ مقامی پولیس چیف نے بتایا کہ دو افراد چاقو کے واروں سے ہلاک ہوئے۔ فرانس کے وزیر داخلہ جیرارڈ کولومب کا کہنا تھا وہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پولیس نے ٹوئٹ کیا ہے سٹیشن پر پیدا ہونیوالی صورتحال پر قابو پاکر حملہ آور کو گولی مار دی گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد ٹرین سروس کو معطل کردیا گیا۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونیوالی دونوں خواتین ہیں ایک کا گلا کاٹا گیا جبکہ دوسری کو چاقو کے وار کرکے ہلاک کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور کی عمر بیس سال سے زائد تھی اور وہ حلیے سے شمالی افریقہ سے تعلق رکھنے والا لگتا تھا۔ داعش نے حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

مطلقہ خبریں