الیکشن کمیشن نے گرمیوں میں ووٹرز کی سہولت کے لئے عام انتخابات کے لئے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹے کا اضافہ کردیا، اب 25 جولائی 2018ء کو صبح 8 سے شام 6 بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات 2018ء کے لئے 25 جولائی کو اب ووٹرز صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکتے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھانے کا مقصد ووٹرز کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔ یاد رہے پاکستان تحریکِ انصاف نے الیکشن کمیشن سے عام انتخابات 2018ء کے لئے پولنگ کے اوقات میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہوچکا ہے، پولنگ کے وقت میں توسیع سے عوام بالخصوص بیمار اور بزرگ افراد کو آسانی ہوگی، اس لئے عوام الناس کی آسانی کے لئے پولنگ کا وقت شام پانچ سے بڑھا کر رات آٹھ بجے کیا جائے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ پولنگ کا وقت بڑھنے سے زیادہ سے زیادہ افراد حقِ رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔