Monday, July 21, 2025
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

پنوا گرینڈ فیملی فیسٹیول 2018ء

میلہ 6 سے 8 اپریل تک جاری رہا جس میں خواتین اور بچوں کی دلچسپی کے لئے کئی ایک انتظامات کئے گئے،اس گرینڈ فیسٹیول میں پاک بحریہ کی مختلف فیلڈ کمانڈز اور یونٹس نے بھرپور شرکت کی اور اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے اسٹالز لگائے

عاصمہ ناز

کراچی کی فضا کئی دہائیوں تک روشنیوں، رنگوں اور خوشیوں سے مزین رہی ہے، یہاں کے لوگوں کے چہرے انہی خوشیوں سے دمکتے رہے تاہم کچھ عرصہ یہ شہر اور یہاں کے باسی ان رنگوں کو ماند پڑتا بھی دیکھتے رہے، روشنیاں مدھم اور رنگ پھیکے ضرور ہوئے لیکن حوصلے کم نہیں ہوئے اور اسی حوصلے اور سعی مسلسل کے باعث یہ شہر ایک بار پھر جگمگا اٹھا۔ شہر کراچی کو پھر سے روشن کرنے میں جہاں یہاں کے شہریوں کا ایک اہم کردار ہے وہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور افواج پاکستان کی محنت بھی نمایاں حیثیت کی حامل ہے۔ شہر کی سیکورٹی کے حالات بہتر کرنے ساتھ ساتھ مسلسل ایسی کاوشیں بھی ہوتی رہیں جن کے باعث یہاں کئی ایک اہم تقریبات کا انعقاد بھی ہوا۔ پاک بحریہ نے بھی شہر کی فضا میں رنگ بکھیرنے کے لئے وقتاً فوقتاً ایسی تقریبات منعقد کیں جن میں کراچی کے رہنے والوں کی بڑی تعداد نے دلچسپی کا اظہار کیا اور خوب لطف اندوز ہوئے۔ کراچی سے ملحقہ پانیوں میں 37 ممالک کی بحری افواج کے نمائندوں کے ہمراہ بحری مشق امن 17 کے انعقاد سے یوم بحریہ پر ساحل سمندر پر ایک عظیم الشان تقریب کے اہتمام تک پاک بحریہ نے کئی ایسے اقدامات کئے جس سے نہ صرف عالمی برادری کا اس ملک اور کراچی شہر پر اعتماد بحال ہوا بلکہ یہاں کے شہریوں کا حوصلہ بھی بڑھا۔
شہر کراچی کی رعنائیوں میں اضافے اور فیملیز کو تفریح کا موقع فراہم کرنے کے لئے پاکستان نیوی ویمن ایسوسی ایشن کے زیراہتمام میری ٹائم میوزیم کراچی میں گرینڈ پنوا میلے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ میلہ 6 سے 8 اپریل تک جاری رہا۔ جس میں خواتین اور بچوں کی دلچسپی کے لئے کئی ایک انتظامات کئے گئے۔ اس گرینڈ فیسٹیول میں پاک بحریہ کی مختلف فیلڈ کمانڈز اور یونٹس نے بھرپور شرکت کی اور اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے مختلف اسٹالز لگائے اور ایسی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا جو حاضرین کی بھرپور توجہ کا مرکز رہیں۔ پاکستان نیوی ویمن ایسوسی ایشن کے اسٹالز کے علاوہ مختلف نجی کمپنیوں نے بھی فیسٹیول کی خوبصورتی میں اضافہ کیا اور اپنے اسٹالز لگا کر شرکاء کی دلچسپی میں اضافے کا سبب بنے۔ ان اسٹالز میں اسٹائلو شوز، یونی لیور، چین ون اور طرز کے اسٹالز نمایاں رہے۔ اس میلے میں جہاں شرکاء کو ایک ہی جگہ پر مختلف اشیاء کجے اسٹالز میسر آئے وہیں انہیں اسپیشل ڈسکاؤنٹس بھی دیئے گئے۔
ایشیا خصوصاً پاکستان میں کسی بھی تقریب، فیسٹیول یا تہوار کا ایک اہم حصہ کھانے پینے کی اشیاء کا اہتمام ہوتا ہے، ہمارے میلے اور تہوار جب تک لذیز کھانوں کی خوشبو سے سجے نہ ہوں خوشیاں مکمل نہیں ہوتیں۔ پنوا گرینڈ فیسٹیول میں اس امر کا خاص خیال رکھا گیا اور کئی ایک فوڈ اسٹالز قائم کئے گئے، ان فوڈ اسٹالز پر مختلف انواع کے ذائقے دار کھانے اور ان کی خوشبو شرکاء کو اپنی طرف کھینچتے رہے اور فیسٹیول کی رنگینی میں اضافہ کرتے رہے۔ ان اسٹالز میں فاسٹ فوڈ سے لے کر دیسی اور کانٹینینٹل کھانوں کے اسٹالز تک ہر ذائقہ موجود تھا جسے حاضرین کی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔
فیملی فیسٹیول ہو اور بچوں کی دلچسپی کا سامان نہ ہو ایسا تو ممکن نہیں، اسی لئے پنوا گرینڈ فیسٹیول میں بچوں کی تفریح کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف جھولے لگائے گئے جن میں جمپنگ کاسل، میری گوراؤنڈ، مصنوعی پولز اور دیگر جھولے شامل تھے۔ بچوں کی دلچسپی کے لئے میجک شو کا اہتمام بھی کیا گیا جسے دیکھتے ہوئے ان کے چہروں پر حیرانی اور خوشی دیدنی تھی۔ بچے محظوظ ہوئے تو والدین کی خوشی بھی دوبالا ہوگئی اور فیسٹیول کی روشنیوں میں خوشی سے دمکتے چہروں کی روشنی بھی شامل نظر آنے لگی۔
پنوا گرینڈ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب 6 اپریل کو منعقد کی گئی جس میں بیگم گورنر سندھ بیگم زبیر عمر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر بیگم چیف آف دی نیول اسٹاف محترمہ شاہینہ عباسی اور دیگر پاکستان نیوی ویمن ایسوسی ایشن ممبران کے علاوہ آل پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی ممبران بھی موجود تھیں۔ مزید برآں پاکستان بحریہ، پاکستان آرمی، پاکستان ایئرفورس اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے بعد بیگم گورنر سندھ نے دیگر معزز مہمانوں کے ہمراہ پنوا کے مختلف اسٹالز کا جائزہ لیا اور وہاں آویزاں پنوا ورکرز کی تیار کردہ مصنوعات اور ان میں جھلکتی تخلیقی صلاحیتوں اور محنت کو سراہا۔ فیسٹیول کے آخری روز کمانڈر کراچی نے حاضرین میں لکی ڈرا کے ذریعے انعامات تقسیم کئے۔ جن میں عمرے کا ٹکٹ، ریفریجریٹر، موٹر سائیکل اور نقد انعامات شامل تھے۔
پاکستان نیوی ویمن ایسوسی ایشن ایک سماجی بہبود کا ادارہ ہے جس کا قیام 1970ء میں عمل میں آیا۔ اس ایسوسی ایشن کی سربراہی کے فرائض بیگم چیف آف دی نیول اسٹاف انجام دیتی ہیں جبکہ پاک بحریہ سے وابستہ خواتین اس ایسوسی ایشن کا نظم و نسق چلانے کے لئے مختلف کردار نبھاتی ہیں۔ اس تنظیم کے قیام کا بنیادی مقصد غریب اور نادار خواتین کی بالعموم اور پاک بحریہ کے شہدا اور حاضر سروس ملازمین کے اہل خانہ کی بالخصوص اخلاقی اور سماجی تربیت کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت اور اقتصادی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا اور زندگی کے دیگر اہم معاملات میں ان کی رہنمائی کرنا ہے۔ علاوہ ازیں پنوا کے زیرانتظام کام کرنے والے مختلف انڈسٹریل ہومز میں پاک بحریہ کے شہداء اور کم آمدنی والے ملازمین کی خواتین اور بچیوں کو سلائی، کڑھائی اور دستکاری وغیرہ کی تربیت دے کر انہیں ایک باعزت روزگار فراہم کرنا بھی اس تنظیم کے قیام کا ایک اور اہم مقصد ہے۔ اس تنظیم کے تحت پاک بحریہ کے ملازمین کے ذہین اور قابل بچوں کو تعلیمی وظائف بھی دیئے جاتے ہیں۔

مطلقہ خبریں

غزل

غزل

غزل