پاکستان کی معروف اداکارہ فضا علی نے کاروباری شخصیت ایاز ملک سے دوسری شادی کرلی۔ دوسری شادی کی خبر نے ہر کسی کو حیران کردیا تاہم ان کے چاہنے والے انہیں زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر دعائیں اور مبارک باد پیش کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فضا علی کو شوبز کی دنیا میں شہرت انتہائی معروف ڈرامے ’’لو لائف اور لاہور‘‘ سے ملی، جس میں انہوں نے لیڈ رول ادا کیا اور شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں، فضا علی نے اچانک اپنی شادی کی خبر فیس بک اکاؤنٹ پر جاری کر کے دی اور انہوں نے اپنا فیس بک اکاؤنٹ پر نام بھی تبدیل کر کے فضا ایاز ملک کردیا۔ فضا علی نے فیس بک پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ میری شادی ایاز ملک کے ساتھ ہوگئی ہے اور اللہ کی رحمت سے یہ اعلان کرتے ہوئے مجھے خوشی ہو رہی ہے، میں شوبز سے بھی کنارہ کشی اختیار کر رہی ہوں، تاہم میں صرف ابھی اپنا ایک ہی شو جار ی رکھوں گی۔ واضح رہے کہ فضا علی نے پہلی شادی 2007ء میں فواد فاروق کے ساتھ کی تھی تاہم کچھ تنازعات کے باعث ایک سال قبل ان کی علیحدگی ہوگئی تھی اور ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔