’’پدماوت‘‘ بھارت سمیت دنیا بھر میں اچھا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہے جبکہ بیرون ممالک فلم نے بھارت کی کامیاب ترین فلموں ’’باہو بلی 2‘‘ اور ’’دنگل‘‘ کا ریکارڈ توڑ دیا۔ بے شمار تنازعات، دھمکیوں، احتجاج اور مظاہروں کے باوجود 25 جنوری کو بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی فلم ’’پدماوت‘‘ کی ریلیز سے قبل خیال کیا جارہا تھا کہ فلم توقع کے مطابق بزنس کرنے میں کامیاب نہیں ہوگی کیونکہ انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے باعث فلم کو بھارت میں 35 فیصد اسکرینز پر نمائش کے لئے پیش ہی نہیں کیا گیا اور یہ بات کسی حد تک صحیح ثابت ہوئی۔ کچھ تجزیہ کاروں کے مطابق ریلیز کے پہلے روز فلم کو تقریباً 30 کروڑ کا بزنس کرنا چاہئے تھا لیکن فلم صرف 18 سے 19 کروڑ کا بزنس ہی کرسکی تاہم بیرون ممالک فلم نے توقع کے مطابق بہت اچھا بزنس کیا ہے۔ بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئٹ کرتے ہوئے ’’پدماوت‘‘ کی بیرون ملک کمائی کے اعدادوشمار کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ فلم نے آسٹریلیا میں 3 لاکھ 76 ہزار آسٹریلین ڈالرز (ایک کروڑ 88 لاکھ بھارتی روپے)، نیوزی لینڈ میں 64 ہزار ڈالر (29 لاکھ 99 ہزار بھارتی روپے )، برطانیہ میں 97 ہزار پاؤنڈ (88 لاکھ ) روپے کمائے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مجموعی طور پر بیرون ممالک میں ’’پدماوت‘‘ نے ریلیز کے پہلے دن 3 لاکھ 67 ہزار ڈالرز کمائے ہیں جبکہ فلم ’’دنگل‘‘ نے ریلیز کے پہلے روز 2 لاکھ 47 ہزار ڈالرز کمائے تھے اور بھارتی تاریخ کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ’’باہو بلی 2‘‘ 2 لاکھ 12 ہزار ڈالرز کمانے میں میں کامیاب ہوئی تھی۔ اس طرح ’’پدماوت‘‘ نے بیرون ممالک میں ’’دنگل‘‘ اور ’’باہوبلی 2‘‘ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
واضح رہے کہ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’پدماوت‘‘ میں اداکارہ دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔