Thursday, January 30, 2025
- Advertisment -
Google search engine

حالیہ پوسٹس

پاک فوج نے ایل او سی پر بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا

پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سال 2021ء کا پہلا بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے بھارتی جاسوس کواڈ کاپٹر کو کنٹرول لائن کے چکوٹھی سیکٹر میں مار گرایا۔ بھارتی کواڈ کاپٹر پاکستانی حدود میں 500 میٹر تک گھس آیا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ اسی طرح یکم جنوری کو پاک فوج نے نوشیری سیکٹر میں بھی بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال پاک فوج نے بھارت کے لگ بھگ درجن بھر جاسوس ڈرون مار گرائے تھے۔ 9 ستمبر 2020ء کو پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارت کا 11 واں جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔ قبل ازیں 26 جولائی 2020ء کو پاک فوج کے جوانوں نے ایل او سی کے پانڈو سیکٹر میں بھارت کا 10 واں جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارتی کواڈ کاپٹر ایل او سی میں پاکستان کی حدود میں 200 میٹر اندر آیا تھا۔ اسی طرح 28 جون 2020ء کو ایل او سی کے تتہ پانی سیکٹر میں بھارت کا جاسوس کواڈ کاپٹر مار گرایا گیا تھا۔ خیال رہے کہ سال 2019ء میں بھی پاک فوج نے بھارت کے 3 ڈرون مار گرائے تھے، اس میں پہلا کواڈ کاپٹر سال کے پہلے دن یعنی یکم جنوری 2019ء کو باغ سیکٹر میں گرایا گیا تھا۔ ایک روز بعد ہی بھارت نے دوبارہ پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جسے پاک فوج نے ناکام بناتے ہوئے ستوال سیکٹر میں جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔ علاوہ ازیں فروری 2019ء میں پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ اور فضائی جھڑپ بھی ہوئی تھی، جس کے کچھ روز بعد بھارت کا ایک جاسوس ڈرون پاکستانی حدود میں 150 میٹر گھس آیا تھا جسے ایل او سی کے رکھ چکری سیکٹر میں گرا دیا گیا تھا۔

مطلقہ خبریں