پاکستان سمیت پوری دنیا میں ماہ دسمبر کے آتے ہی سردی کا بھی آغاز ہوجاتا ہے بلکہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں تو نومبر سے ہی ٹھنڈ محسوس ہونا شروع ہوجاتی ہے اور وہاں دوسرے شہروں کی نسبت سردی بھی زیادہ پڑتی ہے۔ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی لوگ جہاں اس موسم کو انجوائے کرتے، گرم کپڑے پہنتے ہیں وہیں اْن کی غذاؤں میں بھی کچھ اشیاء کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ ہر موسم کے لحاظ سے قدرت کی طرف سے کچھ مخصوص غذاؤں کو متعارف کرایا گیا ہے جن کا استعمال اس موسم میں انسان کے لئے بے حد ضروری ہے۔ اسی طرح موسم سرما کے لئے بھی چند بہترین غذاؤں کا انتخاب کیا گیا ہے جن کے استعمال سے انسانی جسم میں حرارت پیدا ہوتی ہے۔ سردیوں کی چند بہتریں غذائیں:
ڈرائی فروٹس (خشک میوہ جات): سردیوں کے موسم میں ڈرائی فروٹس کا استعمال صدیوں سے چلا آرہا ہے کیونکہ واقعی ٹھنڈ میں ان کا استعمال سردی اور ان میوہ جات کا مزہ دونوں دوبالا ہوجاتا ہے۔ خشک میوہ جات غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں ان میں بادام، پستہ،اخروٹ، کاجو، چلغوزے، خوبانی، ناریل، کشمش اور انجیر وغیرہ شامل ہیں۔
مونگ پھلی: مونگ پھلی کا شمار ویسے تو خشک میوہ جات میں ہی ہوتا ہے لیکن کیونکہ یہ موسم سرما میں باقی میوہ جات سے زیادہ کھائی جاتی ہے اس لئے اس کا ذکر الگ ہی ہوتا ہے۔ مونگ پھلی ایک ایسا میوہ ہے جو ہر طبقے کے افراد کو باآسانی میسر ہوجاتا ہے اور اس کو بے حد پسند بھی کیا جاتا ہے کیونکہ یہ کھانے میں ہلکی اور اس میں وٹامن کی بھی بہت زیادہ مقدار موجود ہوتی ہے۔
فرائی مچھلی: سردیوں کے موسم میں خشک میوہ جات کا استعمال تو عام ہے ہی لیکن اگر اس سے ہٹ کر کھانے کی بات کی جائے تو سب سے پہلا نام فرائی مچھلی کا ذہن میں آتا ہے۔ یہ بھی باآسانی مل جانے والی غذا ہے اور ہر خاص وعام اس کو سردی میں کھانا پسند کرتا ہے۔
پائے: موسم سرما کی بہترین غذاؤں میں اگر پائے کو شامل نہیں کیا جائے تو مطلب سردیوں کا مزہ ہی کرکرا ہوگیا۔ عموماً پائے رات کے کھانے میں بنائے جاتے ہیں تاکہ سردی کے مزے کو مزید انجوائے کیا جاسکے بلکہ سردیوں میں باقاعدہ ’’پائے پارٹی‘‘ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
گاجر کا حلوہ: سردیوں کی غذاؤں میں شامل خشک میوہ جات اور کھانوں کا ذکر تو ہوگیا لیکن اس میں میٹھے کا بھی ہونا ضروری ہے جس میں گاجر کا حلوہ سرفہرست ہے۔ گاجر کے حلوے کا شمار موسم سرما کے بہترین لوازمات میں ہوتا ہے کیونکہ اس میں شامل دودھ، کھویا اور گاجر انسانی صحت کے لئے بے حد مفید ہے۔
کشمیری چائے: سردیوں کی ہر دل عزیز کشمیری چائے، جو ذائقے اور فوائد کے اعتبار سے بہت ہی اہمیت کی حامل ہے، موسم سرما میں جاڑے کی سرد ہواؤں میں گرما گرم کشمیری چائے سردیوں کا مزہ دوبالا کر دیتی ہے۔ عموماً کشمیری چائے کو خاص مواقع پر بنیادی طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جیسے شادیوں میں جبکہ موسم سرما کے مہینوں کے دوران یہ بہت سی چھوٹی دکانوں پر فروخت کیا جاتا ہے۔
حلوہ پوری: صبح صبح ہونے والی ٹھنڈ میں حلوہ پوری اور اس کے ساتھ دال، آلو، چنے، آچار کا ناشتا سردیوں کے موسم کے لئے بہترین ہے اور خاص کر الصبح کسی ڈھابے پر بیٹھ کر اس کو کھانا اس کے مزے کو مزید بڑھا دیتا ہے۔
سوپ: سردیوں کے موسم میں سوپ اور یخنی کا استعمال عام کیا جاتا ہے بلکہ لوگ خاص طور پر اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ سوپ پینے باہر جاتے ہیں اور سردی کا مزہ لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ خواتین بھی گھر میں نت نئے طریقوں سے سوپ بناتی ہیں اور باقاعدہ سوپ پارٹی کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔