فلم سازوں نے جون 2022ء میں فلمی میلہ سجانے کی تیاری شروع کردی ہیں، ابھی تک پانچ فلمیں جون میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، خوشگوار حیرت کی بات یہ ہے کہ 3 جون کو تین پاکستانی فلمیں ایک ساتھ ریلیز کی جا رہی ہیں، ان تین فلموں کے بعد احسن خان اور عائشہ عمر کی فلم ”رہبرا“ ریلیز کیلئے تیار ہے، اداکار یاسر حسین کی فلم ”پیچھے تو دیکھو“ بھی رواں ماہ میں ہی ریلیز کی جائے گی
اختر علی اختر
پاکستانی فلم انڈسٹری کے حالات آہستہ آہستہ ٹھیک ہورہے ہیں۔ عیدالفطر پر پانچ فلموں کی نمائش نے دوسرے آنے والے فلم سازوں اور ڈائریکٹرز کو اُمید کا ایک پیغام دیا ہے۔ عید کی پانچوں فلمیں جن میں، گھبرانا نہیں ہے، دَم مستم، پردے میں رہنے دو، چکر اور تیرے باجرے دی راکھی، شامل ہیں۔ تاحال سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ رواں برس مئی میں پانچ چھ فلموں کی نمائش کے بعد اب فلم سازوں نے جون 2022ء میں فلمی میلہ سجانے کی تیاری شروع کردی ہیں۔ ابھی تک پانچ فلمیں جون میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، خوشگوار حیرت کی بات یہ ہے کہ 3 جون کو تین پاکستانی فلمیں ایک ساتھ ریلیز کی جا رہی ہیں۔ ان تین فلموں کے بعد احسن خان اور عائشہ عمر کی فلم ”رہبرا“ ریلیز کے لئے تیار ہے۔ اداکار یاسر حسین کی فلم ”پیچھے تو دیکھو“ بھی جون 2022ء میں ریلیز کی جائے گی۔
سب سے پہلے ہم 3 جون 2022ء کو ریلیز ہونے والی تین پاکستانی فلموں کے بارے میں بات کریں گے۔ ان تینوں فلموں میں سب سے اہم اور بڑی فلم ”کملی“ ہے، جس کے ڈائریکٹر سرمد کھوسٹ ہیں اور فلم کے مرکزی کردار میں سپر اسٹار صبا قمر بڑے پردے پر ایک مرتبہ پھر جلوے بکھیریں گی۔ سرمد کھوسٹ بہت باصلاحیت اور کامیاب ڈائریکٹر ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے ڈراما اور فلم ڈائریکشن میں اپنی منفرد پہچان بنائی ہے۔ انہوں نے بطور اداکار بھی کمال کی اداکاری کی اور پھر ڈائریکشن میں صفِ اول کے ہدایت کار مانے جانے لگے۔ ان کا ڈائریکٹ کیا ہوا ٹیلی ویژن نگری کا گیم چینجر ڈراما ”ہمسفر“ کو کون فراموش کرسکتا ہے۔ سپر اسٹار ماہرہ خان اور فواد خان کی لاجواب اداکاری کی بدولت اس ڈرامے نے ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی خوب مقبولیت حاصل کی، اسی ڈرامے کی وجہ سے فواد خان اور ماہرہ خان کے لئے بالی ووڈ کے دروازے کھلے تھے۔ سرمد کھوسٹ کا ایک اور سپر ہٹ ڈراما ”باغی“ تھا، جس میں صبا قمر کی یادگار پرفارمنس کو سب یاد کرتے ہیں۔ سرمد کھوسٹ اور صبا قمر کی کیمسٹری خوب ملتی ہے۔ سرمد کھوسٹ اور جیو فلمز کی کامیاب فلم ”منٹو“ میں صبا قمر نے ملکہ ترنم نورجہاں کے روپ میں غیرمعمولی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا۔ ایک مرتبہ پھر سرمد کھوسٹ اور صبا قمر 3 جون کو ریلیز ہونے والی فلم ”کملی“ میں کمالات دکھانے آ رہے ہیں۔ صبا قمر ان دِنوں شہرت کے ساتویں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ 2022ء میں عید پر ریلیز ہونے والی فلموں میں صبا قمر کی فلم ”گھبرانا نہیں ہے“، نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور ابھی بھی وہ فلم سینما گھروں میں لگی ہوئی ہے۔ فلم ”کملی“ میں عالمی معیار کی ڈائریکشن اور فنکاروں کی دل جیتنے والی پرفارمنس دیکھنے کو ملے گی۔ فلم کی کاسٹ میں صبا قمر کے علاوہ ٹیلی ویژن ڈراموں کی جانی پہچانی اداکارہ ثانیہ سعید، نمرہ بچہ، حمزہ خواجہ، عدیل افضل اور دوسرے فنکار شامل ہیں۔
بھارت اور پاکستانی فلموں کی سپر اسٹار صبا قمر نے ایک ملاقات میں بتایا کہ فلم ”کملی“ تین خواتین کی کہانی ہے، جسے آپ تین عورتیں، تین کہانی بھی کہہ سکتے ہیں۔ یہ ٹریجڈی لَو اسٹوری ہے۔ مجھے ایسی فلموں میں کام کر کے بہت اچھا لگتا ہے، جس میں خواتین کو مضبوط اور طاقتور دکھایا جاتا ہے۔ فلم ”کملی“ کے ذریعے بھی کچھ اس طرح کا پیغام دیا گیا ہے۔ فلم کی موسیقی بھی بہت شاندار ہے، عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کی آواز میں ایک گانا ”مکھڑا“ پہلے یہ سوشل میڈیا پر ریلیز کردیا گیا ہے، جس کا رسپانس بہت اچھا آ رہا ہے، اس گانے کی موسیقی ذوالفقار علی نے ترتیب دی ہے۔ اس کی شاعری بابا بلھے شاہ کے کلام پر مبنی ہے۔ یہ فلم کھوسٹ فلمز، ڈسٹری بیوشن کلب اور آئی ایم جی سی کے بینر تلے ریلیز کی جا رہی ہے۔ سرمد کھوسٹ کی ایک اور فلم ”زندگی تماشہ“ کو ریلیز سے روک دیا گیا تھا، اب یہ فلم ”کملی“ کے بعد ریلیز ہوگی۔ سرمد کھوسٹ اپنی فلموں میں سُلگتے ہوئے موضوعات لے کر آتے ہیں، جس سے ان کی فلموں کو عالمی سطح پر بھی پذیرائی حاصل ہوتی ہے۔ ”کملی“ کے ساتھ دو نئی فلمیں اور بھی ریلیز کی جائیں گی، جن میں ایک کا نام ”کھیل“ اور دوسری فلم کا نام بہت ہی دلچسپ ”تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار“ ہے۔ بے حد خوشی کی بات ہے کہ ہمارے فلم سازوں نے عیدین کے علاوہ بھی فلمیں ریلیز کرنے کا حوصلہ کیا۔ ٹیلی ویژن ڈراموں کی طرح فلموں میں بھی اب نیا ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے۔ 3 جون کو ریلیز ہونے والی فلم ”کھیل“ پاکستانی کی پہلی ٹین ایجر ایڈونچر فلم ہے، جس کے ڈائریکٹر ظلِ عاطف ہیں، جو اداکارہ بشریٰ انصاری کے کزن بتائے جاتے ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں شامل تمام اداکار ٹین ایجرز ہیں۔ فلم میں مرکزی کردار بشریٰ انصاری کے بھتیجے سمیل عاطف ادا کررہے ہیں۔ فلم کی ریلیز سے قبل اس کا سیکوئل بھی تیار کرلیا گیا ہے، جو رواں برس ریلیز کیا جائے گا۔ فلم کی عکس بندی پاکستان کی خوبصورت لوکیشن پر کی گئی ہے۔ ان دِنوں فلم کا ٹریلر بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ اگر یہ فلم نئی نسل کو پسند آ گئی تو اس سے پاکستان فلم انڈسٹری کو مزید نیا ٹیلنٹ میسر آجائے گا۔
دوسری جانب 3 جون 2022ء کو ریلیز ہونے والی ایک اور فلم ”تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار“ میں بھی نیا ٹیلنٹ کاسٹ کیا گیا ہے۔ فلم کو طارق اعوان نے لکھا اور فیاض ادریس نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ فلم کو ایور ریڈی پیکچرز کے بینر تلے ریلیز کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ ”تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار“ کی کاسٹ میں جاوید شیخ کی فلم ”وجود“ کی ہیروئن سعیدہ امتیاز نئے ہیرو ملک عقیل، ماہرہ بنگس، لیلیٰ زبیری، ماہ نور ملک، فلم ”میں ہوں شاہد آفریدی“ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار نعمان حبیب سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔ فلم کی موسیقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان، امانت علی، ثنا ذوالفقار اور دیگر گلوکاروں کی آواز میں گانے فلمائے گئے ہیں۔ اُمید کی جا رہی ہے کہ ”تھوڑی سیٹنگ تھوڑا پیار“ نئی نسل کو پسند آئے گی۔ نئی نسل کے مقبول ہیرو احسن خان اور ڈراموں کی خوبصورت اداکارہ عائشہ عمر کی نئی فلم ”رہبرا“ 24 جون 2022ء کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم کے ہدایت کار امین اقبال ہیں، جو اس سے قبل کئی سپر ہٹ ڈراموں کی ہدایات دے چکے ہیں۔ عائشہ عمر اور احسن خان کو دو چار فلموں میں کام کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔ احسن خان کی بطور ہیرو فلم ”چکر“ اِن دنوں زیرنمائش ہے، جب کہ عائشہ عمر نے وجاہت رؤف کی فلم”کراچی سے لاہور“ میں شاندار پرفارمنس دکھائی تھی۔ فلم کے ڈائریکٹر امین اقبال کا کہنا ہے کہ اس فلم میں ہم دیکھیں گے کہ جب ہماری زندگی اپنا چہرہ بدلتی ہے، تو ہماری سوچ بھی اس کے ساتھ ہی بدل جاتی ہے، لیکن جب ہم اپنے خیالات اور تاثرات پر عمل پیرا ہوتے ہیں، تو زندگی اس کے مطابق نہیں بدل پاتی۔ جیسا کہ فلم میں ایک مخالف کردار کہتا ہے کہ جب صورتِ حال اتنی خراب ہو جاتی ہے، تو زندگی سے زیادہ موت کی تمنا ہوتی ہے۔ فلم ”رہبرا“ ہم نے نہایت محبت اور محنت سے تیار کی ہے۔ اس فلم کے کرداروں کے ساتھ ساتھ ہم نے بھی آگاہی کا سفر طے کیا ہے۔ فلم کی پروڈیوسر سائرہ افضل، جو امریکا میں رہتی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ میرا فلم بنانے کا شوق مجھے اس منفرد سفر کی طرف لے آیا ہے، جو بیرون ملک مقیم کسی ایسی پاکستانی خاتون کے لئے جن کا فلمی صنعت سے کوئی تعلق نہیں، ایک اعزاز کی بات ہے۔ ہم نے بہت اُمید کے ساتھ یہ فلم بنائی ہے، ہمیں یقین ہے کہ یہ ضرور کامیاب ثابت ہوگی۔ اداکارہ عائشہ عمر اور احسن خان پہلی بار ایک ساتھ پردہ اسکرین پر جلوہ گر ہوں گے۔ فلم کی عکاسی کے لئے انتہائی شاندار مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔“
جون ہی میں ایک اور مزاحیہ فلم ”پیچھے تو دیکھو“ بھی ریلیز کی جائے گی، جس میں مرکزی کردار مزاحیہ فنکار یاسر حسین اور جنید اختر کرتے دکھائی دیں گے۔ اُمید ہے کہ جون میں ریلیز ہونے والی فلمیں سینما گھروں سے روٹھے ہوئے فلم بینوں کو واپس لے آئیں گی۔ اب سنیما مالکان کو بھی شکایت کا موقع نہیں ملے گا کہ پاکستان میں فلم سازی کا عمل بہت سست ہے۔ دو ماہ کے دوران ایک درجن کے قریب فلموں کی نمائش سے فلم میکر اور سنیما مالکان کے درمیان دوریاں کم ہوں گی۔