ڈھنگ، سلیقہ، نفاست اور آداب
”جی“، ”اجی“ سے کلام، آپ جناب
گفتگو میں پہیلی خسرو کی
میروغالب کی شاعری کے باب
مہکے مہکے قوام سے لہجے
وہ تخاطب میں دل نشیں القاب
شیروانی، غرارے، پاجامے
وہ پٹاری سروتے کے مضراب
گیت شادی بیاہ کے دل کش
جو کِھلا دیں سماعتوں میں گلاب
یہ ثقافت حسین اُردو سی
جیسے پھولوں کی سرزمیں کا خواب
یہ ثقافت سدا رہے زندہ
یہ ثقافت سدا رہے شاداب
محمد عثمان جامعی