امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے حالیہ غزہ جنگ کے دوران شہید ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے اسرائیلی بمباری سے شہید کم از کم 67 فلسطینی بچوں کی تصاویر صفحہ اول پر شائع کی ہیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تصاویر کا عنوان رکھا ہے ”یہ صرف بچے تھے“۔ اسرائیل کی غزہ پر ہزاروں کی تعداد پر بمباری کے باعث کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بنیں اور اس بمباری کے نتیجے میں کم ازکم 67 فلسطینی بچے شہید ہوئے جبکہ اسرائیل پر راکٹ باری سے 2 بچے جان سے گئے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق غزہ جنگ کے دوران جان سے جانے والے بچوں کی عمریں 18 برس سے کم تھیں۔ اخبار لکھتا ہے کہ جنگ کے باعث جان سے جانے والے بچوں میں کچھ ڈاکٹر بننا چاہتے تھے، کچھ آرٹسٹ اور کچھ کے دلوں میں لیڈر بننے کی خواہش تھی۔