لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی وزیر اعظم ٹریسا مے کو ٹیلی فون کیا ہے، جس میں احتجاج کے خوف سے برطانوی دورہ منسوخ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کو ٹیلیفون کیا، 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ حکام کے مطابق برطانوی وزیر اعظم سے گفتگو کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے احتجاج کی وجہ سے برطانیہ کادورہ منسوخ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ امریکی صدر برطانوی عوام کی حمایت کے بغیر دورہ نہیں کرنا چاہتے۔ برطانوی وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ برطانیہ میںکوئی تبدیلی نہیں ہوئی، ٹرمپ طے شدہ پروگرام کے مطابق ہی برطانیہ کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم ٹریسا مے کے دفتر کی طرف سے ایسی خبروں کو مسترد کر دیا گیا ہے کہ امریکی صدر کا دورہ موخر کر دیا گیا ہے۔ ادھر برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی صدر کا دورہ برطانیہ اکتوبر میں متوقع ہے۔ برطانوی اخبار دی گارڈین نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ٹرمپ کے خلاف مظاہروں کے باعث فی الحال وہ برطانیہ نہیں آنا چاہتے۔ اخبار نے ایک حکومتی اہل کار کے حوالے سے بتایا کہ جب تک برطانوی عوام ٹرمپ کے سرکاری دورے کی حمایت نہیں کرتے، ٹرمپ یہ دورہ نہیں کریں گے۔